KalematulHaque

اسلامی کوئز، سیرت النبی ﷺ اور تاریخ اسلام کا مرکز

Range chaman

رنگ چمن پسند نہ پھولوں کی بُو پسند​
صحرائے طیبہ ہے دلِ بلبل کو تو پسند​
اپنا عزیز وہ ہے جسے تُو عزیز ہے​
ہم کو ہے وہ پسند جسے آئے تُو پسند​
مایوس ہو کے سب سے میں آیا ہوں تیرے پاس​
اے جان کر لے ٹوٹے ہوئے دل کو تو پسند​
ہیں خانہ زاد بندۂ احساں تو کیا عجب​
تیری وہ خُو ہے کرتے ہیں جس کو عَدو پسند​
کیوں کر نہ چاہیں تیری گلی میں ہوں مٹ کے خاک​
دنیا میں آج کس کو نہیں آبرو پسند​
ہے خاکسار پر کرمِ خاص کی نظر​
عاجز نواز ہے تیری خُو اے خوبرو پسند​
قُل کہہ کر اپنی بات بھی لب سے ترے سنی​
اﷲ کو ہے اِتنی تری گفتگو پسند​
حُورو فرشتہ جن و بشر سب نثار ہیں​
ہے دو جہاں میں قبضہ کیے چار سُو پسند​
اُن کے گناہگار کی اُمیدِ عفو کو​
پہلے کرے گی آیتِ لَا تَقْنَطُوْا پسند​
طیبہ میں سر جھکاتے ہیں خاکِ نیاز پر​
کونین کے بڑے سے بڑے آبرو پسند​
ہے خواہشِ وصالِ درِ یار اے حسنؔ​
آئے نہ کیوں اَثر کو مری آرزو پسند​
﴿﴾﴿﴾﴿﴾﴿﴾﴿﴾﴿﴾