KalematulHaque

اسلامی کوئز، سیرت النبی ﷺ اور تاریخ اسلام کا مرکز

Naat

معطیِ مطلب تمہارا  ہر اِشارہ ہو گیا​
جب اِشارہ ہو گیا مطلب ہمارا  ہو گیا​
ڈوبتوں کا یا نبی کہتے ہی بیڑا پار تھا​
غم کنارے ہو گئے پیدا کنارا ہو گیا​
تیری طلعت سے زمیں کے ذرّے مہ پارے بنے​
تیری ہیبت سے فلک کا مہ دو پارا ہو گیا​
اللہ اللہ محوِ حُسنِ روے جاناں کے نصیب​
بند کر لیں جس گھڑی آنکھیں نظارا  ہو گیا​
یوں تو سب پیدا ہوئے ہیں آپ ہی کے واسطے​
قسمت اُس کی ہے جسے کہہ دو ہمارا ہو گیا​ 
تیرگی باطل کی چھائی تھی جہاں تاریک تھا​
اُٹھ گیا پردہ ترا حق آشکارا ہو گیا​
کیوں نہ دم دیں مرنے والے مرگِ عشقِ پاک پر​
جان دی اور زندگانی کا سہارا ہو گیا​
نام تیرا، ذکر تیرا، تو، ترا پیارا خیال​
ناتوانوں بے سہاروں کا سہارا ہو گیا​
ذرّۂ کوے حبیب‘ اللہ رے تیرے نصیب​
پاؤں پڑ کر عرش کی آنکھوں کا تارا ہو گیا​
تیرے صانع سے کوئی پوچھے ترا حُسن و جمال​
خود بنایا اور بنا کر خود ہی پیارا ہو گیا​ 
ہم کمینوں کا اُنھیں آرام تھا اِتنا پسند​
غم خوشی سے دُکھ تہِ دل سے گوارا ہو گیا​
کیوں نہ ہو تم مالکِ مُلکِ خدا مِلک خدا​
سب تمہارا ہے خدا ہی جب تمہارا ہو گیا​
روزِ محشر کے اَلم کا دشمنوں کو خوف ہو​
دُکھ ہمارا  آپ کو کس دن گوارا ہو گیا​
جو ازل میں تھی وہی طلعت وہی تنویر ہے​
آئینہ سے یہ ہوا  جلوہ دوبارا  ہو گیا​
تو نے ہی تو مصر ؔ  میں یوسف کو یوسف کر دیا​
تو ہی تو یعقوب کی آنکھوں کا تارا ہو گیا​ 
ہم بھکاری کیا ہماری بھیک کس گنتی میں ہے​
تیرے دَر سے بادشاہوں کا گزارا ہو گیا​
اے حسنؔ   قربان جاؤں اُس جمالِ پاک پر​

سینکڑوں پردوں میں رہ کر عالم آرا ہو گیا